لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان، 7مرحلوں میں ووٹنگ

لوک سبھا انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات 7 مرحلوں میں ہوں گے اور نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 21 ریاستوں کی 102 سیٹوں پر 19 اپریل کو انتخابات ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 89 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔

تیسرے مرحلے میں کل 12 ریاستوں کی 94 سیٹوں پر 7 مئی کو انتخابات ہوں گے۔

چوتھے مرحلے میں 13 مئی کو 10 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی کل 96 نشستوں کے لئے انتخابات ہوں گے۔

جبکہ پانچویں مرحلے میں کل 49 سیٹوں پر 20 مئی کو ووٹنگ ہوگی، چھٹے مرحلے میں کل 57 سیٹوں پر 26 مئی کو اور ساتویں مرحلے میں یکم جون کو 57 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے ذریعہ لوک سبھا کے ساتھ ساتھ ملک کی 4 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان بھی کیا گیا۔

جن چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں وہ ہیں اوڈیشہ، آندھرا پردیش، سکم اور اروناچل پردیش۔

لوک سبھا انتخابات 2024 کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی الیکشن کمیشن کا ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہو گیا ہے۔