پنجاب نے کولکاتہ کے خلاف ریکارڈ توڑ جیت درج کی

انڈین پریمیئر لیگ میں جمعہ کو پنجاب کنگز کے بلے بازوں نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ریکارڈ ہدف کا کامیاب تعاقب کرکے تاریخ رقم کردی۔

کولکاتہ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں پر 261 رنز بنائے۔

اس کے جواب میں جونی بیئرسٹو کی سنچری اور ششانک سنگھ کی طوفانی اننگز کی بدولت پنجاب کنگز نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر لیا۔

پنجاب کنگز کے ریکارڈ رنز کے تعاقب میں ششانک سنگھ کی طوفانی نصف سنچری سب سے اہم تھی۔

انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

اس دھماکہ خیز اننگز کے دوران ششانک نے نہ صرف ٹورنامنٹ بلکہ ٹی ٹوینٹی کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا۔

کولکاتہ کی جانب سے دئے گئے 262 رنز کے بڑے اسکور کا تعاقب کرنے اترے پربھسمرن نے جونی بیئرسٹو کے ساتھ مل کر ٹیم کو طوفانی آغاز فراہم کیا۔

دونوں نے صرف 6 اوورز میں 93 رنز بنائے۔ پربھسمرن نے 20 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بیئرسٹو نے اپنا دھماکہ جاری رکھا اور سنچری بنائی۔ 45 گیندوں پر 8 چوکے اور اتنے ہی چھکے لگا کر آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔