حیدرآباد میں ٹیم انڈیا کےتیزگیندبازمحمدسراج کاشانداراستقبال

ورلڈ چمپئن بننے کے بعد ہندوستان واپس لوٹنے والی ٹیم انڈیا کا ملک میں شاندار استقبال کیا گیا۔

پوری دنیا نے دیکھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم انڈیا کا مداحوں نے کس طرح استقبال کیا۔

نئی دہلی میں کھلاڑیوں کی کامیابی کا جشن ڈھول بجا کر منایا گیا تو ممبئی نے اپنے ستاروں کے لیے ایسا ماحول بنایا جس نے دنیا کو حیران کردیا۔

ممبئی میں فتح پریڈ اور پروقار تقریب کے بعد اب تمام کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں تاہم جشن کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سراج کا بھی ان کے شہر حیدرآباد میں پرجوش استقبال کیا گیا۔

سراج جمعہ کی شام حیدرآباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے اور ان کے استقبال کے لیے مداحوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔

حیدرآباد میں سراج ایک ایس یو وی کے سن روف سے باہر آئے اور مداحوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کرتے رہے۔

اس دوران سراج اپنا ورلڈ کپ میڈل لٹکا رہے تھے، جب کہ ان کی گاڑی کو ہر طرف سے مداحوں نے گھیر رکھا تھا۔

سراج پر پھولوں کی بارش ہو رہی تھی جب کہ ہر طرف ترنگا لہرا رہا تھا اور شائقین تصاویر کلک کرنے کے لیے بے تاب تھے۔