اروند کیجریوال کو ای ڈی نے بھیجا آٹھواں سمن

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی میں ایکسائز پالیسی سے متعلق مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کے خلاف ایک بار پھر سمن جاری کیا ہے۔

اس بار ای ڈی نے انہیں 4 مارچ کو دہلی میں ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔

اس سے پہلے ای ڈی کے ساتویں سمن کو نظر انداز کرتے ہوئے وزیراعلی کیجریوال نے پیر کو کہا تھا کہ اگر عدالت اس سلسلے میں کوئی حکم دیتی ہے تو وہ ای ڈی کے سامنے حاضر ہوں گے۔

پچھلے ہفتے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو اپنا ساتواں سمن جاری کیا تھا اور انہیں پیر کو ایجنسی کے سامنے پوچھ گچھ کے لئے پیش ہونے کیلئے کہا تھا۔

تاہم کیجریوال ابھی تک ایک بھی سمن کی تعمیل میں ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں اور ان سمن کو ‘غیر قانونی’ قرار دیا ہے۔

انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو ایک خط بھی لکھا تھا جس میں سمن واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

وزیراعلی کیجریوال نے الزام لگایا کہ یہ سمن ان پر اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ چھوڑنے کے لئے دباؤ ڈالنے کا ‘ٹول’ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کانگریس اور ‘انڈیا’ اتحاد کی اتحادی جماعتوں سے تعلقات نہیں توڑے گی۔