شدید گرمی کی وجہ سے تقریباً577 عازمین حج جاں بحق
بڑھتا ہوا درجہ حرارت پوری دنیا میں کئی مسائل کو جنم دے رہا ہے۔
ہندوستان میں ہیٹ ویو سے مرنے والوں کی تعداد 65 سے تجاوز کر گئی ہے۔
خلیجی ملک سعودی عرب کی حالت ابتر، سعودی عرب میں پہلے ہی گرمی جان لیوا ہے۔
لیکن اس بار تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔
منگل کو سعودی حکومت نے بتایا کہ شدید گرمی کی وجہ سے تقریباً 577 عازمین حج جاں بحق ہو چکے ہیں۔
مہلوک عازمین حج میں زیادہ تر مصر سے تعلق رکھنے والے 323 عازمین شامل ہیں۔
حکام نے اے ایف پی کو بتایا کہ مہلوکین میں سے ایک مصری بھیڑ سے ٹکرانے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جا ں بحق ہوئے۔
بقیہ اموات کی وجہ گرمی بتائی گئی ہے۔
جاں بحق ہونے والے عازمین حج میں کئی ممالک کے شہری بھی شامل ہیں۔
عمان کے حکام نے بتایا کہ اردن سے تعلق رکھنے والے تقریباً 60 عازمین حج فوت ہو چکے ہیں۔
حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور تمام اہل استطاعت مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ کم از کم ایک بار حج ادا کریں۔
گزشتہ ماہ جاری ہونے والی سعودی رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے عازمین حج خاصے متاثر ہو رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن مقامات پر حج کیا جاتا ہے وہاں درجہ حرارت ہر دہائی میں 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ (0.72 ڈگری فارن ہائیٹ) بڑھ رہا ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال مکہ کی مسجد الحرام میں درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
سعودی حکام کے مطابق گرمی کے باعث بیمار ہونے والے تقریباً دو ہزار عازمین حج کا علاج کیا جا رہا ہے۔
مصری وزارت خارجہ نے منگل کو کہا کہ وہ ، حج کے دوران لاپتہ ہونے والے مصریوں کی تلاش کے لیے سعودی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
.