رمضان المبارک میں دنیابھرکی خواتین کیسےکرتی ہیں سحروافطارکا انتظام ؟
دنیا بھر کی مسلم خواتین سارا سال امور خانہ داری میں مصروف رہنے کے باوجود،رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں خصوصی عبادت کے ساتھ سحری اور افطاری کا انتظام کرتی ہیں۔
جب رمضان المبارک میں پورا خاندان ایک ساتھ بیٹھ کر سحر و افطار میں بننے والے ان خاص اور روایتی پکوان سے لطف اندوز ہوتا ہے،گھر کی عورتوں اور خواتین کے چہرے دمک اْٹھتے ہیں۔
در حقیقت سحری اور افطاری کے پکوان،روایات اور ثقافت کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔ہمارے ہاں،چھولے،پکوڑے،دہی بڑے،کچوری فروٹ چاٹ،سموسے،کھجور اور شربت وغیرہ افطار کا لازمی جزو ہیں۔
جب کہ سحری میں زیادہ تر ، روٹی ، پراٹھے ، سالن ، دہی، کباب اور لسی یا چائے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
تیونس کی خواتین دسترخوان پر سحر و افطار میں پودینے کی خوشبودار سبز چائے لازمی رکھتی ہیں۔ملائیشیا کی خواتین تروایح کے بعد کھانا لگاتی ہیں۔اس میں قدیم روایتی پکوان اور چائے شامل ہوتی ہے۔
انڈونیشیا کی خواتین افطاری کے پکوان میں پھلوں کا استعمال زیادہ کرتی ہیں،زیتون بھی لازمی ان کے دسترخوان کی زینب بنتا ہے۔ان کے ہاں سحری میں مونگ پھلی کا حلوہ خاصے کی چیز ہے۔
فغانستان میں جلیبی اور مٹھائی سے دسترخوان سجتا ہے۔ایرانی خواتین روزہ کھلوانے کیلئے چائے اور نون (روٹی) کا اہتمام کرتی ہیں۔افطار کے دیگر لوازمات میں وہاں مٹھائیاں پنیر اور حلوہ جات بھی شوق سے نوش کئے جاتے ہیں۔
سنگاپور میں مسلم خاندان گھر سے باہر جا کر سحر و افطار کرتے ہیں۔رمضان کے دوران انہیں فوڈ کورٹ اور ریستوران میں یہ سہولت مل جاتی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں خاص طور پر ’’رمضان خیمے‘‘ لگا دیئے جاتے ہیں،جہاں مختلف ممالک سے آ کر کام کرنے والے مسلمان خاندان افطار کرتے ہیں۔اس کے علاوہ مساجد میں بھی یہ سہولت میسر ہوتی ہے۔
ترکی کی خواتین بڑے ذوق و شوق سے افطار کا انتظام کرتی ہیں۔ان کے ہاں بسکٹ اور مٹھائیاں لازمی دکھائی دیتی ہیں۔
اسپین میں رہنے والی مسلمان خواتین ’’ون ڈش‘‘ کا انتظام ضرور کرتی ہیں اور دوست احباب اپنے خاندان کے ساتھ ایک جگہ جمع ہو کر افطار اور سحری کرتی ہیں۔
مصر کی خواتین افطار میں ایک روایتی مشروب تیار کرتی ہیں۔یہ دودھ میں بھیگے ہوئے کھجور اور میوہ جات ہوتے ہیں جو خشاف کہلاتے ہیں۔یہاں رمضان سے جڑی ایک دلچسپ روایت ’’رمضان فانوس‘‘ بھی ہے۔
جنوبی ہندوستان میں حلیم اور چاٹ شوق سے کھائی جاتی ہے،شمالی ہند کے کچھ علاقوں میں ایک خاص مشروب پینے کا رواج ہے،جس میں ناریل،کاجو اور دیگر میوہ جات پیس کر ملائے جاتے ہیں۔