سلکیارا سرنگ میں پھنسے سبھی مزدور باہر نکالے گئے، جانئے کیسے کامیاب ہوا آپریشن
اتراکھنڈ کے سلکیارا سرنگ میں گزشتہ 17 دنوں سے پھنسے 41 مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں دوپہر کو سرنگ کے اندر پہنچی تھیں اور کارکنوں کو باہر لے کر آئیں۔
سلکیارا میں ریسکیو ٹیم نے مزدوروں کو بچانے کے لئے ریٹ ہول کان کنی کی تکنیک کا استعمال کیا اور وہ کام کر دکھایا، جو بڑی بڑی جدید مشینیں نہیں کر سکتی تھیں۔
اس سے پہلے منگل کو اتراکھنڈ کے سلکیارا سرنگ میں بچاؤ کارکنوں نے ملبے کے اندر 60 میٹر تک سوراخ کرنے کا کام مکمل کیا اور پھر ڈرل شدہ راستے سے بچاؤ پائپ کا آخری حصہ ڈالا گیا۔
بتادیں سرنگ کا ایک حصہ 12 نومبر کو منہدم ہوگیا تھا، جس کے اندر 41 مزدور پھنس گئے تھے۔
جیسے ہی وہ سرنگ سے باہر آئے، سبھی کارکنوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
اس سے پہلے ملبے میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لئے آگر مشین سے ڈریلنگ کی جا رہی تھی۔
اس کے بعد پیر کے روز ’ریٹ ہول‘ کان کنی کی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے ملبے کو ہاتھ سے ہٹانا شروع کیا گیا تھا۔