رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ گناہوں سے توبہ اور بخشش کا عشرہ ہے
رمضان المبارک کا ماہ مبارک ابھی شروع ہی ہوا تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے ایک عشرہ مکمل ہو گیا۔ رمضان المبارک رحمت و برکت کا مہینہ ہے اس میں رحمت کی فضا ابر رحمت بن کر برس رہی ہے اور اب دوسرے عشرہ جاری ہے۔
ویسے تو سبھی دن اللہ کے ہیں، رات بھی اسی کی ہیں لیکن اس کی رحمت اپنے بندوں کو نوازنے کے لیے بہانے ڈھونڈتی رہتی ہے۔ اس لیے اس نے کسی شب کو لیلۃالقدر بنا دیا اور کسی مہینہ کو ماہ مبارک بنا دیا۔
اگرچہ رمضان کو عشروں میں تقسیم کرنے والی حدیث ضعیف ہے تاہم اس کو ایک استعارے کے طور پر بھی لے سکتے ہیں۔ روایت یہ ہے کہ رمضان المبارک کا پہلا حصہ رحمت ہے، دوسرا حصہ مغفرت ہے اور تیسرا حصہ جہنم سے آزادی کا پروانہ ہے۔
اس طرح دوسرا عشرہ گناہوں سے توبہ یعنی مغفرت کا عشرہ ہے۔
رمضان المبارک اﷲ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے، وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس مبارک و مقدس مہینے میں روزہ ا ورعبادت کے ذریعے اﷲ کو راضی کرلیا۔
یہ وہ مبارک مہینہ ہے کہ جس میں ﷲ تبارک و تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ستر گنا بڑھا دیتا ہے۔
تو گویا جس نے رمضان کے پورے ماہ کے روزے رکھے اسے زندگی کے تمام مراحل میں راحت و سکون میسر آئے گا۔
‘اگر تمہاری برائیاں اور بداعمالیاں اس قدر زیادہ ہوجائیں کہ وہ آسمان تک پہنچ جائیں اسکے باوجود بھی اگر تم توبہ کرو تو اللہ تعالیٰ تمہاری توبہ قبول فرمائیں گے۔’(سنن ابن ماجہ )۔