پاکستان ہی کرے گا چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی، پی سی بی سربراہ پراعتماد، کہی یہ بڑی بات
چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد پاکستان میں سال 2025 میں ہونا ہے۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ کے کوالیفکیشن کی بات کریں تو ورلڈ کپ 2023 کی ٹاپ 8 ٹیموں بشمول پاکستان کو اس میں موقع ملنا ہے۔
لیکن فی الحال اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ پاکستان ہی اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
کیونکہ ہندوستان پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان کا سفر نہیں کرے گا۔ حالانکہ چیئرمین پی سی بی پراعتماد دکھائی دے رہے ہیں۔
جب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن نقوی سے اس سلسلہ میں پوچھا گیا کہ اگر ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تو کیا یہ ٹورنامنٹ پاکستان سے باہر ہو گا؟
اس پر نقوی نے کہا کہ میں ان کی باتوں پر توجہ نہیں دے رہا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ میں اپنی جانب سے پراعتماد ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا اور ہم اس کی میزبانی کریں گے۔
بتادیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا پہلی بار 1998 میں انعقاد کیا گیا تھا۔ اب تک 8 سیزن ہو چکے ہیں۔
آسٹریلیا اور ٹیم انڈیا 2-2 بار خطاب جیت چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ، پاکستان، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک بار خطاب اپنے نام کیا ہے۔
ہندوستان نے آخری بار 2013 میں اس ٹرافی پر قبضہ کیا تھا۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس سال کون سی ٹیم بازی مارتی ہے۔