تربوز کے پھل کو جہاں گرمیوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، وہیں اس کے بیشمار طبی فوائد بھی ہیں۔
اور آج کل اسے افطاری کا حصہ بنانے کے بیشمار فوائد ہیں، جن سے نہ صرف جسم میں توانائی بحال ہوتی ہے بلکہ کئی طرح کے طبی فوائد بھی ہوتے ہیں۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ تربوز ایسا پھل ہے جو درجہ حرارت بڑھنے پر جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے
جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ تربوز میں موجود اجزا جیسے لائیکوپین، پوٹاشیم اور فائبر سمیت دیگر مختلف فائدے پہنچانے میں مدد دیتے ہیں۔
گرمیوں کے موسم میں روزے کی وجہ سے انسانی جسم میں پانی کی مقدار کم ہوجاتی ہے۔
تاہم تربوز کو افطاری کا حصہ بنانے سے روزیدار نہ صرف اپنے جسم میں پانی کی مقدار کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ کئی طرح کے فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
تربوز میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔
پانی کی زیادہ مقدار ہونے کے باعث یہ پھل ہیٹ اسٹروک سے بھی بچاتا ہے، یہ ان چند پھلوں میں سے ایک ہے جو پیاس کو بجھاتا ہے جبکہ گرمی سے جلن کے احساس پر قابو پانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
تربوز وٹامن بی کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جو کہ جسم میں توانائی کی فراہمی کا ذمہ دار ہوتا ہے، اس میں کیلوریز کم ہوتی ہیں مگر توانائی زیادہ، جو دن بھر جسمانی طور پر متحرک رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
تربوز میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹ لائیکوپین جسم کو نزلہ زکام اور فلو سے لڑنے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ بچوں میں دمہ کی علامات کو بھی کم کرنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔